وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے جس میں 9 نکاتی ایجنڈے کے تحت مختلف مالیاتی اور اقتصادی امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی اسکیم کے لیے گرانٹ کی فراہمی سے متعلق سمری پیش کی جائے گی جبکہ کے فور منصوبے کے لیے 7 ارب 79 کروڑ 70 لاکھ روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری پر بھی غور ہوگا۔
اجلاس میں پاسکو کے گندم ذخائر اور درآمدی گندم کی فراہمی سے متعلق معاملہ بھی زیرِ بحث آئے گا۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے واجبات کی ادائیگی کے لیے فنڈز کی منظوری کی سمری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ روزویلٹ ہوٹل سے متعلق آئی سی ایوارڈ 2025 کی سمری بھی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے سامنے پیش کی جائے گی۔ نیشنل بینک آف پاکستان کے لیے 43 ارب 84 کروڑ 90 لاکھ روپے کی ٹرم فسیلٹی کی فراہمی کا معاملہ بھی اجلاس میں زیرِ غور آئے گا۔
ذرائع کے مطابق ریکوڈک منصوبے کی سیکیورٹی کے لیے 56 کروڑ 70 لاکھ 32 ہزار روپے کی گرانٹ کی منظوری سے متعلق سمری بھی پیش کی جائے گی۔
اس کے علاوہ آٹومیشن آف پوسٹ آفس منصوبے کے لیے مختص فنڈز کی ازسرِ نو تقسیم کی درخواست بھی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔