صدر مملکت آصف علی زرداری نے کیٹی بندر کی ترقی کے لیے مربوط اور جامع حکمتِ عملی اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے منصوبے کے ساتھ بنیادی ڈھانچے اور ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ کیٹی بندر منصوبے کے ساتھ سڑکوں کا مؤثر اور قابلِ اعتماد رابطہ، بجلی و پانی کی فراہمی، صنعتی انفراسٹرکچر اور دیگر بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جائیں تاکہ منصوبے کے ثمرات مؤثر انداز میں حاصل کیے جاسکیں۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ کیٹی بندر کو پاکستان کے ایک اضافی میری ٹائم گیٹ وے کے طور پر ترقی دینے سے ملک کے بندرگاہی اور لاجسٹکس نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔
صدر مملکت نے منصوبے میں ماحولیاتی تحفظ کو خصوصی اہمیت دینے کی ہدایت کرتے ہوئے انڈس ڈیلٹا کے قدرتی ماحول کے تحفظ اور مقامی ماہی گیر برادری کے مفادات، روزگار اور معاشی تحفظ کو ترجیح دینے پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ چینی کمپنی CHEC کی جانب سے کیٹی بندر پورٹ کا تصوراتی ماسٹر پلان پیش کیا جاچکا ہے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی ابتدائی انجینئرنگ لاگت تقریباً 522.34 ملین ڈالر بتائی گئی ہے۔