پروازوں کے دوران لیتھیم بیٹریوں سے آگ لگنے کے بڑھتے واقعات کے باعث دنیا بھر میں فضائی سفر کے حفاظتی اصول مزید سخت کیے جا رہے ہیں۔ عالمی ہوا بازی کی تنظیم اِکاو نے کمرشل پروازوں میں پاور بینکس اور اضافی لیتھیم بیٹریوں سے متعلق نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔
نئے ضوابط کے تحت پاور بینک، اضافی لیتھیم بیٹریاں اور ای سگریٹس چیک اِن سامان میں رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مسافر انہیں صرف کیبن بیگ میں لے جا سکیں گے، جبکہ بیٹریوں کی گنجائش کے لحاظ سے بھی الگ الگ شرائط مقرر کی گئی ہیں۔
100 واٹ آور تک کے زیادہ سے زیادہ دو پاور بینک طیارے کے کیبن میں لے جانے کی اجازت ہوگی۔ 100 سے 160 واٹ آور کی بیٹری کے لیے متعلقہ ایئرلائن سے پہلے اجازت لینا ضروری ہوگا، جبکہ 160 واٹ آور سے زیادہ گنجائش والی بیٹری طیارے میں لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حفاظتی اقدامات صرف سامان تک محدود نہیں رہیں گے۔ دورانِ پرواز پاور بینک استعمال کرنے یا اس کے ذریعے کسی ڈیوائس کو چارج کرنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ کئی ایئرلائنز نے یہ پابندی پہلے ہی نافذ کردی ہے۔
مسافروں کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ خراب، پھولی ہوئی یا غیر معمولی حد تک گرم ہونے والی بیٹری کو جہاز میں ساتھ نہ لے جائیں، کیونکہ ایسی بیٹریاں دورانِ پرواز آگ لگنے کا خطرہ پیدا کرسکتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان میں بھی پاور بینکس اور لیتھیم بیٹریوں سے متعلق حفاظتی اصولوں پر عمل درآمد سخت کیا جا رہا ہے، جس کے بعد مسافروں کو سفر سے پہلے اپنے الیکٹرانک سامان اور بیٹریوں کے بارے میں مقررہ ضوابط ضرور جانچنے ہوں گے۔