سپریم کورٹ نے قتل کے مقدمات کے اندراج میں تاخیر پر آئی جی سندھ کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
سپریم کورٹ میں قتل کے مقدمات کے اندراج میں تاخیر سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے آئی جی سندھ کے علاوہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور ڈی آئی جی سکھر کو بھی طلب کرلیا۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ سندھ میں جزا و سزا کا تصور نہیں ہے، سندھ پولیس خود لوگوں کو بری کروا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس میں قتل کے دو روز بعد مقدمہ درج کیا گیا جبکہ کئی کیسز میں پولیس مقدمات کے اندراج سے کتراتی ہے۔
جسٹس صلاح الدین پنہور نے ریمارکس دیے کہ سکھر اور لاڑکانہ کی صورتحال بہت خراب ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 ستمبر تک ملتوی کردی۔