اسٹیٹ بینک کا 10 روپے کا کرنسی نوٹ ختم کرنے پر غور

image

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 روپے کا کرنسی نوٹ ختم کرنے پر غور شروع کردیا۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین نے نئے کرنسی نوٹوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 10 روپے کا نوٹ ختم کرنے کی دو مرتبہ پہلے بھی کوشش کی جاچکی ہے۔

ڈپٹی گورنر کے مطابق 10 روپے کے نوٹ کی تیاری کی لاگت بڑھ گئی ہے، اسی بنیاد پر اسے ختم کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ نئے کرنسی نوٹ جاری کیے جانے کے وقت 10 روپے کا نوٹ ختم کردیا جائے گا۔

اسٹیٹ بینک حکام نے بتایا کہ موجودہ کرنسی نوٹ 2005 سے چھپ رہے ہیں، جبکہ نئے سیکیورٹی فیچرز کے ساتھ کرنسی نوٹ متعارف کرائے جانے ہیں۔ نئے نوٹوں کا معاملہ کابینہ میں دو مرتبہ زیرِ بحث آچکا ہے اور کابینہ نے اس حوالے سے کمیٹی بھی تشکیل دی تھی۔

اجلاس میں کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے کنسلٹنٹ کمپنی کے انتخاب پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ بڈنگ کا عمل نہیں ہوا اور کنسلٹنٹ کے ساتھ ہی ڈیزائن کا معاہدہ کیا گیا، اسٹیٹ بینک خودمختار ادارہ ہے تاہم قواعد کی پیروی ضروری ہے۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستان میں جعلی کرنسی کی گردش کم ہے، جس پر چیئرمین کمیٹی نے اس حوالے سے اعدادوشمار فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن میں عوامی پسندیدگی کو بھی مدنظر رکھا جارہا ہے، جبکہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نئے کرنسی نوٹوں کا جائزہ لے رہی ہے۔ حکام کے مطابق کابینہ کی جانب سے نئے نوٹوں کے ڈیزائن میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں اور ان تبدیلیوں کے بعد ہی نئے نوٹ مارکیٹ میں لائے جاسکیں گے۔

اسٹیٹ بینک حکام کے مطابق نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن وزارت خزانہ کو ایک سال قبل بھیجے جاچکے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US