ساؤتھ ایشین گیمز 2027: پاکستان میزبانی کے لیے تیار، بھارتی شرکت پر سوالیہ نشان

image

پاکستان اگلے سال 3 سے 11 اپریل تک ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کے لیے تیار ہے لیکن یہ بات ابھی تک غیر یقینی ہے کہ آیا بھارتی حکومت اپنے ایتھلیٹس کو پاکستان جانے کی اجازت دے گی یا نہیں۔پاکستان ان علاقائی کھیلوں کی میزبانی 2004 میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے آخری ایڈیشن کے 23 سال بعد کرے گا۔

ساؤتھ ایشیا اولمپک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کے صدر عارف سعید کی صدارت میں منعقد ہوا، جو ساؤتھ ایشین اولمپک کمیٹی کے صدر بھی ہیں۔

پی او اے کے ایک اہلکار نے تصدیق کی کہ بھارت کے نمائندے نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور کھیلوں کی تاریخوں کی توثیق بھی کی۔ تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تعلقات کے پیشِ نظر ابھی تک اس بات کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ بھارت اپنا دستہ اسلام آباد بھیجے گا یا نہیں۔

لیکن ان کا کہنا تھا کہ بھارتی نمائندے کا اجلاس میں شرکت کرنا اور تاریخوں و دیگر تفصیلات کی توثیق کرنا اس بات کے اچھے اشارے ہیں کہ بھارت کی شرکت کی نیت ہے۔اجلاس میں شرکت کرنے والے ایک اور سرکاری ذریعہ نے بتایا کہ کسی بھی مرحلے پر بھارتی نمائندے نے کھیلوں میں بھارت کی شرکت کا اشارہ یا تصدیق نہیں کی۔

انہوں نے نشان دہی کی کہ حال ہی میں بھارت نے اسلام آباد میں والی بال کے مقابلے کے لیے بھی ٹیم نہیں بھیجی تھی۔ انہوں نے کہا بھارت سیاست کو کھیلوں کے ساتھ ملا رہا ہے اور پاکستان آنے سے گریز کر رہا ہے۔

اجلاس کے دوران کھیلوں کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف مقابلوں کی میزبانی کے لیے تین شہروں اسلام آباد، لاہور اور پشاور کی منظوری دی گئی۔ بنگلہ دیش، مالدیپ، نیپال اور سری لنکا کے نمائندوں نے اجلاس میں بذاتِ خود شرکت کی۔بعد ازاں حکام نے اسلام آباد میں مجوزہ کھیلوں کے مقامات کا معائنہ بھی کیا۔

ان کھیلوں میں 28 کھیل اور 346 میڈل ایونٹس شامل ہوں گے جن میں تینوں میزبان شہروں میں 3,200 سے زائد ایتھلیٹس کی شرکت متوقع ہے۔ تکنیکی حکام کی ایک بڑی تعداد بھی اس تقریب کا حصہ ہوگی، جبکہ پاکستان تقریباً 4,000 ایتھلیٹس اور دیگر غیر ملکی مہمانوں کی میزبانی کی تیاریاں کر رہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف پہلے ہی ان کھیلوں کے بجٹ کی منظوری دے چکے ہیں جو اگلے ہفتے جاری کر دیا جائے گا۔وفاقی حکومت کی ہدایت پر کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اگلے سال ساؤتھ ایشین گیمز اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس سمیت دیگر بین الاقوامی تقریبات کے لیے اسلام آباد پہنچنے والے غیر ملکی مہمانوں کو رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US