پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم انگلینڈ کے خلاف اہم دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے دستیاب ہیں۔ بدھ کے روز انہوں نے واضح کیا کہ وہ میچ کے لیے 90 فیصد فٹ ہیں۔
بابر اعظم انگلی کی چوٹ کی وجہ سے لیڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں شرکت نہیں کر سکے تھے، جو ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے بعد سے انہیں تکلیف دے رہی ہے۔ پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں اننگز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
انہوں نے لارڈز میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ میں نے نیٹ میں چند بار بیٹنگ کی ہے اور میں بہتر محسوس کر رہا ہوں اور 90 فیصد ٹھیک ہوں۔انہوں نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میں ایک باصلاحیت اور تروتازہ پاکستانی ٹیم میدان میں اترے گی جو لیڈز کے مقابلے بالکل مختلف کرکٹ کھیلے گی۔
بطور ٹیم ہم میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ جب ہمیں نظر انداز کر دیا جائے تو ہم شاندار واپسی کرتے ہیں، اور میرے خیال میں آپ لارڈز میں ایک مختلف ٹیم دیکھیں گے جو تاریخی طور پر ہمارے لیے ایک اچھا گراؤنڈ رہا ہے۔
بابر کے مطابق وہ ابھی تک اس بات کے بارے میں یقینی نہیں ہیں کہ پچ کیسی رہے گی پچ پر گھاس موجود ہے لیکن ہمیں دیکھنا ہوگا کہ بالآخر یہ کیسا کھیل پیش کرتی ہے۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ ٹیسٹ میں دو اسپنرز کے ساتھ اترنے پر غور کر رہے ہیں بابر نے کہا کہ وہ سلمان علی آغا کو دوسرے اسپنر کے طور پر دیکھ رہے ہیں لیکن اس کا حتمی فیصلہ پچ کو آخری بار دیکھنے کے بعد ہی کریں گے۔