دبئی میں ایشیا کپ کی تقریب، محسن نقوی سے ٹرافی لینے کا معاملہ پھر زیرِ بحث

image

اگر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) پاکستان کے ساتھ موجودہ تعلقات کے حوالے سے اپنی پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتا ہے تو 13 ستمبر کو دبئی میں گزشتہ سال کے ایشیا کپ فائنل کی تقریبِ تقسیمِ انعامات جیسی صورتحال کا اعادہ ہو سکتا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک معتبر ذریعہ نے اتوار کے روز تصدیق کی کہ پی سی بی چیئرمین اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی 13 ستمبر کو ویمنز ایشیا کپ فائنل کی تقریبِ تقسیمِ انعامات میں شرکت کے لیے دبئی جائیں گے۔

ذریعہ نے بتایا محسن نقوی دبئی جا رہے ہیں تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ حال ہی میں منعقدہ اے سی سی کے اجلاس میں اس معاملے پر بات ہوئی تھی یا نہیں، جس میں بی سی سی آئی کے سینئر اہلکار راجیو شکلا نے بھی شرکت کی تھی۔

گزشتہ سال بھارتی ٹیم نے اس بنیاد پر محسن نقوی سے فاتح ایشیا کپ ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا کہ وہ پاکستان کے وفاقی وزیرِ داخلہ بھی ہیں۔

اس تنازع کے باعث ایک سال گزر جانے کے باوجود ایشیا کپ ٹرافی ابھی تک بی سی سی آئی کے حوالے نہیں کی جا سکی ہے۔اب سوال یہ اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر بھارت—جسے ایک بار پھر ٹائٹل جیتنے کے لیے پسندیدہ قرار دیا جا رہا ہے فائنل جیت جاتا ہے تو کیا بی سی سی آئی اپنی ویمنز ٹیم کو محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے کی اجازت دے گا؟

کرکٹ مصنف اور تجزیہ کار عمیر علوی کا کہنا تھا یہ ایک سیاسی رنگ اختیار کر جانے والی صورتحال ہے۔ اگرچہ پاکستان کے حوالے سے بھارتی بورڈ کے ابتدائی سخت موقف میں جس میں میچ سے پہلے اور بعد میں ہاتھ نہ ملانا بھی شامل تھا حالیہ مہینوں میں کچھ نرمی آئی ہے لیکن چونکہ گزشتہ ایشیا کپ ٹرافی کا معاملہ ابھی تک خوش اسلوبی سے حل نہیں ہو سکا ہے، اس لیے یہ اب ایک انتہائی دلچسپ صورتحال پیدا کرتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US