سابق قومی ہاکی کپتان محمد ثقلین کا چوتھے اسٹیج کے اورل کینسر کو شکست دینے کا انکشاف

image

پاکستان کے نامور دفاعی کھلاڑیوں میں سے ایک محمد ثقلین نے کہا ہے کہ ایک ہاکی کھلاڑی ہونے نے کینسر کے خلاف جنگ میں ان کی مدد کی۔

ثقلین نے بدھ کے روز لاہور سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ سچ ہے کہ آٹھ ماہ قبل ان میں چوتھے اسٹیج (4B) کے اورل (منہ کے) کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا، ”یہ میرے لیے ایک بہت بڑا صدمہ تھا، کیونکہ جب آپ ایک کھلاڑی ہوتے ہیں تو آپ کو یہ یقین نہیں ہوتا کہ آپ کو ایسی مہلک صحت کے مسائل درپیش ہو سکتے ہیں۔“

ثقلین نے بتایا کہ وہ مکمل صحتیابی کے لیے اب بھی ایمیونو تھراپی کے ذریعے علاج کروا رہے ہیں، تاہم ابتداء میں ان کے چوتھے اسٹیج کے کینسر کے لیے آٹھ گھنٹے طویل سرجری کی گئی تھی۔

انہوں نے مزید کہا، ”میرا ماننا ہے کہ ایک کھلاڑی اور ہاکی پلئیر ہونے نے مجھے ہر وقت مشکل حالات سے لڑنا سکھایا۔ مجھے معلوم ہے کہ اسی چیز نے کینسر کے خلاف جنگ میں میری مدد کی ہے۔“

ثقلین کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی بھی اپنے صحت کے مسائل کو عوامی سطح پر ظاہر نہیں کیا کیونکہ لوگ پہلے ہی اپنی روزمرہ کی زندگی میں بہت سے مسائل اور پریشانیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا، ”انہیں اپنے مسائل سے مزید کیوں پریشان کیا جائے۔ اس لیے میں نے خاموشی سے علاج کروایا اور اب میں مکمل صحتیابی کے قریب ہوں۔“

ثقلین نے کہا کہ انہوں نے ورلڈ کپ میں پاکستان کے حالیہ میچز دیکھے اور نتائج دیکھ کر انہیں شدید دکھ ہوا۔

انہوں نے بات مکمل کرتے ہوئے کہا، ”ہماری ہاکی کی حالتِ زار دیکھنا اتنا ہی تکلیف دہ ہے جتنا کہ کینسر کے خلاف جنگ لڑنا۔“


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US