پاکستان کرکٹ کے مسائل اتنے گہرے ہیں کہ اکیلے حل نہیں کر سکتا: وسیم اکرم

image

پاکستان کے سابق کپتان اور عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم کا ماننا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے ایکو سسٹم میں مسائل اس قدر شدید اور جڑ پکڑ چکے ہیں کہ انہیں اکیلے حل کرنا ان کے لیے بھی ممکن نہیں ہے۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ یہ مسائل انتہائی گہرے اور انتظامی نوعیت کے ہیں، جنہیں کوئی ایک فرد اکیلے حل نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں خامیوں اور فرسٹ کلاس ڈومیسٹک ڈھانچے میں عدم استحکام کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے۔

انہوں نے کرکٹ بورڈ کے فیصلوں میں تسلسل کے فقدان کو بھی موجودہ صورتحال کی ایک بڑی وجہ قرار دیا۔

انہوں نے ایک اسپورٹس ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے کہا، ”انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز شروع ہونے سے پہلے ہی مجھے معلوم تھا کہ ہم تین صفر سے ہاریں گے کیونکہ ہماری بیٹنگ اور بولنگ میں نمایاں خامی تھی ۔“

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ناکامیوں کی ذمہ داری کسی ایک فرد یا گروپ پر ڈالنے کے بجائے تمام اسٹیک ہولڈرز پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا، ”مجھ سے ہر وقت یہ پوچھا جاتا ہے کہ ’کیا آپ پاکستان کرکٹ کی مدد کے لیے کچھ کر سکتے ہیں؟‘ لیکن مسائل اس سے کہیں زیادہ گہرے ہیں۔ ہمارے پاس صرف یہ ٹاپ پلیئرز ہی ہیں، اس سے نیچے کچھ نہیں ہے۔ اس کی نیچے کوئی مضبوط سسٹم موجود نہیں ہے۔“

ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک سٹرکچر میں نہ تو تسلسل ہے اور نہ ہی صبر، اور اسی وجہ سے کھیل کے تمام شعبوں میں مسائل پیدا ہوئے ہیں، جن میں ڈومیسٹک ٹورنامنٹس سے معیاری کھلاڑیوں کا سامنے نہ آنا بھی شامل ہے۔

سابق فاسٹ بولر نے پاکستانی ٹیم کی کارکردگی بالخصوص تینوں شعبوں میں توازن کے فقدان پر بھی سخت تنقید کی۔

انہوں نے کہا، ”ہماری بیٹنگ مشکلات کا شکار ہے، بولنگ اوسط درجے سے نیچے ہے اور فیلڈنگ اس سے بھی بدتر ہے۔ یہ کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے۔“

جاری سیریز کے علاوہ، وسیم اکرم نے ڈومیسٹک کرکٹ میں عدم استحکام کو پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر ناکامیوں کی بنیادی وجوہات میں سے ایک قرار دیا۔

انہوں نے حالیہ برسوں کے دوران فرسٹ کلاس سٹرکچر میں تسلسل اور صبر کی کمی پر خاص طور پر تنقید کی اور دلیل دی کہ ڈومیسٹک سطح پر عدم استحکام کا براہ راست اثر قومی ٹیم میں آنے والے کھلاڑیوں کے معیار پر پڑا ہے۔

وسیم اکرم کے مطابق، اس کے نتائج اب پاکستان کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں واضح نظر آ رہے ہیں، جبکہ یہ مسائل محض کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف تک محدود نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے مسائل صرف سلیکشن یا ڈریسنگ روم کے فیصلوں تک محدود نہیں ہیں بلکہ یہ پورا کرکٹ ایکو سسٹم میں پھیلے ہوئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US