پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں آنے والے دنوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے، جس کے تحت چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے سینئر عہدوں پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی قومی سلیکشن کمیٹی میں تبدیلی کا فیصلہ کرچکا ہے، جس کے نتیجے میں سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کو سینئر سلیکٹر کے عہدے سے ہٹایا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب ویمنز ٹیم کے مینٹور اور سابق ٹیسٹ کرکٹر وہاب ریاض کو بھی جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز کے بعد کوچنگ اسٹاف سے فارغ کیے جانے کا امکان ہے۔
اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ انتظامیہ میں تسلسل کی کمی اور غیر متوقع فیصلوں کے خاتمے کے لیے انقلابی اقدامات کو ضروری محسوس کیا جا رہا ہے۔
عاقب جاوید کو گزشتہ دو سال کے اہم کرکٹ فیصلوں— بشمول انگلینڈ کی سیریز کے دوران کھلاڑیوں اور ہیڈ کوچ و بولنگ کوچ کی تبدیلی— کا مرکزی کردار سمجھا جاتا رہا ہے اور حالیہ ابتری کا ذمہ دار بھی انہی کو ٹھہرایا جا رہا ہے۔
وائٹ بال کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی جانب سے ریڈ بال فارمیٹ (ٹیسٹ ٹیم) کی ذمہ داریاں سنبھالنے میں دلچسپی کے بعد پی سی بی سلیکشن اور انتظامی امور میں نیا آغاز کرنا چاہتا ہے۔ تاہم مائیک ہیسن نے واضح کیا ہے کہ وہ بغیر کسی بیرونی مداخلت اور مقررہ وقت ملنے کی شرط پر ہی یہ عہدہ قبول کریں گے تاکہ ٹیسٹ ٹیم کی صورتحال کو بہتر بنایا جاسکے۔
ویمنز ٹیم کے حوالے سے پی سی بی ایشین گیمز کے بعد نیا غیر ملکی ہیڈ کوچ لانے کے لیے مختلف ناموں پر غور کر رہا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی جلد اعلیٰ سطح کے اجلاس میں گورننگ بورڈ کے اراکین کو اعتماد میں لے کر ان فیصلوں کا حتمی اعلان کریں گے۔ یہ تمام پیشرفت ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر رہنے اور انگلینڈ کے خلاف 0-3 سے کلین سویپ شکست کے بعد سامنے آئی ہے، جس پر بورڈ پالیسیوں اور حکام شدید تنقید کی زد میں ہیں۔
دریں اثنا، محسن نقوی کی دبئی میں ویمنز ایشیا کپ فائنل کے دوران موجودگی پر اس وقت نیا تنازع کھڑا ہو گیا جب بھارتی ٹیم نے ان سے فاتحانہ ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا۔