پاکستان ایشین گیمز کے مردوں کے کبڈی مقابلے سے باہر ہوگیا ہے، جہاں گروپ B کے اپنے آخری میچ میں اسے ایران کے ہاتھوں 30-51 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے ساتھ ہی ایشین گیمز کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہا۔
پاکستان اپنے گروپ اسٹیج کے چار میچوں میں سے صرف دو جیت سکا اور ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا۔ ٹیم نے اپنی مہم کا آغاز ملائیشیا کے خلاف 22-65 اور نیپال کے خلاف کامیابی سے کیا تھا، تاہم ٹوکائی سٹیزن جمنیزیم میں تھائی لینڈ کے ہاتھوں 45-48 سے اپ سیٹ شکست نے اس کے امکانات کو شدید نقصان پہنچایا۔
تھائی لینڈ کے خلاف میچ میں ہاف ٹائم تک پاکستان کو 31-32 کی برتری حاصل تھی، لیکن دوسرے ہاف میں تھائی لینڈ نے 17 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ پاکستان صرف 13 پوائنٹس ہی بنا سکا۔
ایران کے خلاف آخری لازمی میچ میں پاکستان کو 30-51 سے یکطرفہ شکست ہوئی، جس کے ساتھ ہی 1990 کے بعد سے ہر ایشین گیمز میں سیمی فائنل تک پہنچنے کا پاکستان کا مسلسل ریکارڈ ختم ہوگیا۔