پاکستان کی تیز گیند باز کاینات امتیاز نے 13 سالہ کیریئر کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
کاینات نے 19 ون ڈے اور 21 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی۔ وہ حال ہی میں اگست اور ستمبر میں منعقدہ پی سی بی نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹی 20 ٹورنامنٹ کے ذریعے اپنے میچ ریفری کے نئے کیریئر کا آغاز بھی کر چکی ہیں۔
کاینات امتیاز نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کی شروعات اکتوبر 2010 میں ساؤتھ افریقہ کے خلاف کی جبکہ انہوں نے 2017 کے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے چار میچوں میں شرکت کی اور 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں بھی پاکستان اسکواڈ کا حصہ رہیں۔ اس کے علاوہ وہ 2010 (چین) اور 2014 (جنوبی کوریا) کے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی قومی ویمنز کرکٹ ٹیموں میں بھی شامل تھیں۔
انہوں نے اپنا آخری ون ڈے میچ جنوری 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل اکتوبر 2022 میں تھائی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔
کاینات کے کرکٹ کیریئر کا آغاز فروری 2007 میں کراچی اسکولز انڈر 17 ٹیم سے ہوا تھا، جس کے بعد وہ ڈومیسٹک سطح پر مسلسل فعال رہیں۔
ان کی والدہ سلیمہ امتیاز بھی کرکٹ کی دنیا کا ایک جانا پہچانا نام ہیں، جو 2024 میں آئی سی سی کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ پینل میں شامل ہونے والی پاکستان کی پہلی خاتون امپائر بنیں اور اب تک متعدد ویمنز انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکی ہیں۔