انڈر 17 فٹبال: ہمالیاز اور ہنگول نے اپنے میچز جیت لیے

image

پی ایف ایف نیشنل انڈر 17 چیمپئن شپ 2026 میں بلوچستان ہنگول اور کے پی کے ہمالیاز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ اتوار کو کھیلے گئے میچز میں بلوچستان ہنگول نے جی بی قراقرم کو 5-1 سے شکست دی، جبکہ کے پی کے ہمالیاز نے سندھ مہران کو 6-0 سے آؤٹ کلاس کیا۔

بلوچستان ہنگول اور جی بی قراقرم کے درمیان میچ میں ہنگول کی جانب سے نومان نے 26ویں منٹ میں پہلا گول کیا۔ 43ویں منٹ میں سید واصف نے فری کک پر گول کرکے برتری دگنی کی، جبکہ 44ویں منٹ میں سجاد نے تیسرا گول داغ دیا۔ دوسرے ہاف کے 63ویں منٹ میں شاہد نے ہیڈر کے ذریعے چوتھا اور 89ویں منٹ میں زمیر نے ری باؤنڈ پر پانچواں گول کیا۔ جی بی قراقرم کی طرف سے واحد تسلی بخش گول انجری ٹائم میں حسن نے کیا۔

دوسرے یکطرفہ میچ میں کے پی کے ہمالیاز نے سندھ مہران کے خلاف کھیل کے تمام شعبوں میں مکمل غلبہ برقرار رکھا۔ ہمالیاز کی جانب سے تمیمور نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے چھٹے، 27ویں اور 50ویں منٹ میں گولز کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ ان کے علاوہ ارمق نے 20ویں اور 45ویں منٹ میں دو گول کیے، جبکہ ارماد نے 70ویں منٹ میں چھٹا گول کرکے ٹیم کی 6-0 سے فتح یقینی بنائی۔ ان دونوں میچوں کے نتائج کے بعد ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 11 گولز کا اضافہ ہوا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US