پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی کرکٹ سیریز کے پیش نظر راولپنڈی ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کردیا۔
سی ٹی او فرحان اسلم کے مطابق سیریز کا پہلا پریکٹس میچ 6 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، ٹیموں کی آمدورفت کے دوران ٹریفک کو مختصر وقت کے لیے متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیموں کی موومنٹ کے وقت اسلام آباد سے آنے والی ٹریفک کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی جانب موڑا جائے گا، جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی گاڑیوں کو تین مقامات سے مرحلہ وار متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا۔
ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 315 سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے، جبکہ شائقین کے لیے تین مقامات پر پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ شہریوں کو ٹریفک کی تازہ صورتحال سے سوشل میڈیا پیجز اور ایف ایم ریڈیو کے ذریعے آگاہ رکھا جائے گا۔
سی ٹی او فرحان اسلم نے شہریوں سے اپیل کی کہ میچز کے دوران ٹریفک نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔