آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے ٹکٹوں کی پیشگی درخواستیں (ٹکٹ بیلٹ) کھلنے کے محض تین دنوں کے اندر 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں منعقد ہونے والے اس میگا ایونٹ کے لیے اب تک 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد شائقین رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ افریقہ کا خطہ 20 سال کے طویل عرصے بعد مینز ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
ایونٹ میں سب سے زیادہ ڈیمانڈ 10 اکتوبر کو شیڈول پاک بھارت میچ کی ہے، جس کے لیے 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد درخواستیں جمع ہو چکی ہیں، جبکہ 7 نومبر کو ہونے والے پاک بھارت سپر 7 میچ کے لیے بھی 78 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
دیگر اہم مقابلوں میں جنوبی افریقہ بمقابلہ بھارت 92 ہزار درخواستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ بھارت بمقابلہ آسٹریلیا میچ کے لیے 86 ہزار سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ ورلڈ کپ فائنل دیکھنے کے لیے 69 ہزار شائقین نے درخواستیں دی ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق ٹکٹ بیلٹ کے لیے رجسٹریشن بالکل مفت ہے اور رقم کی ادائیگی بعد میں کرنا ہوگی۔ رجسٹریشن کروانے کی آخری تاریخ 21 نومبر مقرر کی گئی ہے۔