پی ایف ایف نیشنل انڈر 17 چیمپئن شپ 2026 فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئی ہے اور جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں گروپ مرحلے کے اختتام کے بعد چاروں صوبوں کی نمائندہ ٹیموں سندھ انڈس، پنجاب ہراپا، کے پی کے ہمالیاز اور بلوچستان ہنگول نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
گروپ مرحلے کے آخری روز سندھ مہران اور جی بی قراقرم کے درمیان پہلا میچ سخت مقابلے کے بعد جی بی قراقرم نے 1-0 سے جیت لیا، جس میں نوازیس نے 64ویں منٹ میں واحد گول اسکور کیا۔ دوسری جانب بلوچستان ہنگول اور کے پی کے ہمالیاز کے درمیان کھیلا گیا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ اس نتیجے کے بعد کے پی کے ہمالیاز 7 پوائنٹس، 13 گولز اور صفر گول کے ساتھ گروپ سی میں پہلے نمبر پر رہا، جبکہ بلوچستان ہنگول 7 پوائنٹس اور گول فرق کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
اس سے قبل سندھ انڈس گروپ اے اور پنجاب ہڑپہ گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچی تھیں۔
سیمی فائنلز 8 اکتوبر کو جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے، جہاں پہلا سیمی فائنل سہ پہر 3 بجے سندھ انڈس اور کے پی کے ہمالیاز کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل شام 7 بجے پنجاب ہڑپہ اور بلوچستان ہنگول کے درمیان کھیلا جائے گا۔ چیمپئن شپ کا فائنل 10 اکتوبر کو شام 7 بجے ہوگا۔