اس واردات میں کم از کم سات نقاب پوش افراد شامل تھے، جنھوں نے اپنے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے سے قبل سب سے پہلے الارم سسٹم کو ناکارہ بنایا، پھر نگرانی کے لیے لگائے گئے کیمروں کو بند کیا۔ یہ سب کرنے کے بعدچوروں نے نہایت اطمینان سے کمپنی کی فورک لفٹ مشینوں کی مدد سے ٹگنانیلو، سولائیا اور گواڈو ال تاسّو برانڈ کی قیمتی سرخ شراب سے بھرے دو بڑے ٹرک لوڈ کر لیے۔
فائل فوٹو: مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس واردات میں کم از کم سات نقاب پوش افراد شامل تھےاٹلی کی معروف وائن بنانے والی کمپنی میں چوری کی ایک انوکھی اور بڑی واردات پیش آئی ہے، جس میں چور تقریباً 50 لاکھ یورو (ایک ارب 55 کروڑ پاکستانی روپے) مالیت کی 30 ہزار شراب کی بوتلیں اپنے ساتھ لے گئے۔
اطالوی کمپنی وائنری مارکیزی انتینوری کے مطابق یہ واردات ہفتے کے روز ٹسکنی میں واقع اس کے گودام میں اس وقت ہوئی جب بیرونِ ملک گاہکوں کے لیے شراب کی ایک بڑی کھیپ روانہ کرنے کی تیاریاں جاری تھیں۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس واردات میں کم از کم سات نقاب پوش افراد شامل تھے، جنھوں نے اپنے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے سے قبل سب سے پہلے الارم سسٹم کو ناکارہ بنایا، پھر نگرانی کے لیے لگائے گئے کیمروں کو بند کیا۔
یہ سب کرنے کے بعد چوروں نے نہایت اطمینان سے کمپنی کی فورک لفٹ مشینوں کی مدد سے ٹگنانیلو، سولائیا اور گواڈو ال تاسّو برانڈ کے قیمتی سرخ شراب سے بھرے دو بڑے ٹرک لوڈ کر لیے۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو رینزو کوٹاریلا نے اخبار کوریئرے ڈیلا سیرا کو بتایا کہ اٹلی میں اس نوعیت کی یہ سب سے بڑی چوری ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’اتنی بڑی مالیت اور اس پیمانے کی چوری اس سے پہلے اٹلی میں کبھی نہیں ہوئی۔‘
رینزو کوٹاریلا نے امید ظاہر کی کہ حکام چوری شدہ شراب کا سراغ لگانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سامان سے بھرے دو ٹرک یوں ہی غائب نہیں ہو سکتے۔ ٹسکنی کی سڑکوں پر جگہ جگہ کیمرے نصب ہیں۔ شاید کچھ خوش قسمتی سے ہم کم از کم چوری ہونے والی بعض بوتلیں واپس حاصل کر سکیں۔‘
فنانشل ٹائمز سے گفتگو میں انھوں نے مزید کہا کہ ’ان شراب کی بوتلوں کی بہت زیادہ قیمت ہے اور میں نہیں جانتا کہ اتنی بڑی مقدار میں شراب دنیا بھر میں کسی کی توجہ میں آئے بغیر کیسے فروخت کی جا سکتی ہے۔‘
کمپنی کا خیال ہے کہ شراب کی جن بوتلوں کا انتخاب کیا گیا، ان کی قیمت عموماً 150 سے 500 یورو فی بوتل کے درمیان ہوتی ہے، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ چور شراب کے بارے میں مکمل معلومات رکھتے تھے اور ممکنہ طور پر انھیں اندر کی معلومات بھی حاصل تھیں۔
فائل فوٹو: کمپنی کے چیف ایگزیکٹو رینزو کوٹاریلا نے اخبار کوریئرے ڈیلا سیرا کو بتایا کہ اٹلی میں اس نوعیت کی یہ سب سے بڑی چوری ہےاس چوری کا علم کمپنی کو پیر کی صبح اس وقت ہوا جب عملہ معمول کے مطابق وہاں اپنے کام پر پہنچا۔
تاہم تاحال کسی ملزم کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
مارکیزی انتینوری کی بنیاد سنہ 1385 میں رکھی گئی تھی اور یہ کمپنی 170 ممالک کو شراب برآمد کرتی ہے۔ گذشتہ سال اس کی آمدنی 26 کروڑ 30 لاکھ یورو (22 کروڑ 30 لاکھ پاؤنڈ) رہی تھی۔
رواں سال اٹلی میں شراب کی چوری کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں، جن میں شمالی علاقے پیڈمونٹ میں ہونے والی دو وارداتیں بھی شامل ہیں، جہاں اطلاعات کے مطابق لاکھوں یورو مالیت کی بوتلیں چوری کی گئی تھیں۔