سی ٹی ڈی آپریشنز اور ایک وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم "فتنۃ الہندوستان" (بلوچستان ریپبلکن گارڈز - BRG) سے تعلق رکھنے والے ایک دہشت گرد فضل حق کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک دستی بم برآمد ہوا ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم کراچی کے حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، جبکہ اس نے پڑوسی ملک سے دہشت گردی کی منظم تربیت بھی حاصل کی تھی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم کے غیر ملکی ہینڈلرز، دیگر ساتھیوں، سہولت کاروں اور مالی معاونت کرنے والوں کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔ ملزم کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی آپریشن کراچی میں مقدمہ نمبر 94/2026 ایکسپلوسیو سبسٹینسز ایکٹ اور انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔