اسلام آباد ہائیکورٹ کا ٹول ٹیکس، جرمانوں میں اضافے اور ایم ٹیگ سے متعلق مقدمات یکجا کرنے کا حکم

image

اسلام آباد ہائیکورٹ نے موٹرویز اور اہم شاہراہوں پر ٹول ٹیکس میں اضافے، ٹریفک جرمانوں میں 50 فیصد اضافے اور ایم ٹیگ سے متعلق مقدمات یکجا کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر نے جوڈیشل ایکٹیوازم پینل کی درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ٹول ٹیکس کا معاملہ اب پہلے جیسا نہیں رہا بلکہ اس میں مزید اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اپنے طور پر ٹول ٹیکس میں اضافہ کیسے کرسکتی ہے۔

سماعت کے دوران این ایچ اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسی نوعیت کا ایک مقدمہ دوسری عدالت میں بھی زیرِ سماعت ہے۔ اس پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ٹول ٹیکس کی موجودہ شرح سے متعلق استفسار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ٹول ٹیکس 1100 روپے سے بھی تجاوز کرگیا ہے۔

این ایچ اے کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ گزشتہ چار سال کے دوران ٹول ٹیکس میں اضافہ نہیں کیا گیا، اس معاملے پر عدالت کی معاونت کی جائے گی۔ عدالت نے این ایچ اے کے وکیل کو ہدایت کی کہ اپنا جواب باقاعدہ فائل کی صورت میں جمع کرائیں تاکہ اسے آن لائن بھی دستیاب کیا جاسکے۔

دورانِ سماعت ایم ٹیگ سے متعلق مقدمے کا ذکر کرتے ہوئے این ایچ اے کے وکیل نے بتایا کہ اسی نوعیت کے ایک دوسرے کیس میں ایم ٹیگ کے معاملے پر حکمِ امتناع جاری ہے، جس کے باعث اب شہری ایم ٹیگ نہیں لگوا رہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مقدمہ جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے قرار دیا کہ مذکورہ مقدمہ بھی طلب کرلیا جائے گا تاکہ تمام متعلقہ کیسز کو یکجا کرکے سنا جاسکے۔

بعدازاں عدالت نے ٹول ٹیکس، جرمانوں میں اضافے اور ایم ٹیگ سے متعلق تمام مقدمات یکجا کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US