آبنائے ہرمز اور باب المندب میں محفوظ جہاز رانی عالمی غذائی و توانائی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے، اسحاق ڈار

image

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اور باب المندب عالمی غذائی اور توانائی سلامتی کے حوالے سے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں، ان گزرگاہوں سے جہاز رانی کو محفوظ اور آزادانہ بنانا ضروری ہے۔

عمانی وزیر خارجہ کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی سے متعلق بھارتی فیصلے کو عالمی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ اہم بحری گزرگاہوں میں محفوظ جہاز رانی کا تسلسل نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر غذائی اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھی اہم ہے۔

اس موقع پر عمانی وزیر خارجہ نے کہا کہ علاقائی کشیدگی میں کمی اور امن و استحکام کے قیام کے لیے سفارت کاری کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ اختلافات کے حل اور کشیدگی کو روکنے کے لیے باہمی افہام و تفہیم اور مؤثر سفارتی کوششیں ناگزیر ہیں۔

دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور عمان تصادم کے بجائے مذاکرات کو ترجیح دینے کے اصول پر مل کر کام جاری رکھیں گے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی اقدامات کی حمایت کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US