خیبرپختونخوا پولیس کے شہدا پیکج میں ڈیڑھ کروڑ روپے تک اضافے کا اعلان

image

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس شہدا کے مالی امدادی پیکج میں اضافے، شہدا کے اہل خانہ کے لیے گھر خریدنے کی مالی معاونت اور بچوں کی تعلیم و شادی کے اخراجات میں مدد فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔

گورنر ہاؤس میں پولیس شہدا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کانسٹیبل سے ڈی آئی جی رینک تک شہید پولیس اہلکاروں کے پیکج میں ایک کروڑ سے ڈیڑھ کروڑ روپے تک اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے شہدا کے خاندانوں کو گھر خریدنے کے لیے کیش پیکج دینے کا بھی اعلان کیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پولیس شہدا کی بچیوں کی شادی کے لیے 10 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے جبکہ شہید پولیس اہلکاروں کے بچوں کی تعلیم اور دیگر ضروریات کے لیے بھی مالی معاونت کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی پولیس اہلکار کے بچوں یا والدین کو نشانہ بنایا گیا تو متاثرہ خاندان کو 50 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے صوبائی پولیس کے لیے پنجاب کے طرز پر امدادی پیکج متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافہ کرکے انہیں دیگر صوبوں کے مساوی کیا گیا ہے۔

تقریب کے دوران فیصل کریم کنڈی نے بنوں، لکی مروت اور صوبے کے دیگر اضلاع میں دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ میں پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز بھی تقسیم کیے۔

گورنر نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے پوری قوم اور تمام اداروں کو پولیس کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام اداروں کے تعاون سے مؤثر حکمت عملی مرتب کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے ترقیاتی فنڈز میں کمی کی جا سکتی ہے تاہم پولیس کی فلاح و بہبود اور اہلکاروں کی ضروریات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US