آل پاکستان کار ڈیلرز ایسوسی ایشن کا ڈیوٹی ٹیکس میں کمی کا مطالبہ

image

آل پاکستان کار ڈیلرز اینڈ امپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں شعیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی خصوصی توجہ کے باعث استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل امپورٹ پر عائد پابندی ختم ہوگئی ہے، جس سے آٹوموٹیو سیکٹر میں مسابقت کی فضا پیدا ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مقامی اسمبلرز تین گنا زائد قیمتوں پر گاڑیاں فروخت کر رہے تھے، جبکہ انجینیئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی) اور وزارتِ صنعت و پیداوار کے کچھ افسران نے متعلقہ اداروں اور اسمبلرز کے گٹھ جوڑ سے ایک سال تک اس پالیسی کو سبوتاژ کیے رکھا، جس کی وجہ سے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمدات ممکن نہ ہو سکیں۔

میاں شعیب نے انکشاف کیا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران صرف پرسنل بیگج اور گفٹ اسکیم کے تحت 4 ہزار یونٹس امپورٹ ہوئے ہیں، تاہم ایک سال کے وقفے کے بعد ستمبر سے استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل امپورٹ کا دوبارہ آغاز ہوچکا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزارتِ صنعت و پیداوار اور ای ڈی بی کے متعلقہ حکام کے خلاف فوری تحقیقات کی جائیں۔

چیئرمین ایسوسی ایشن کا مزید کہنا تھا کہ امپورٹڈ گاڑیوں پر 200 سے 569 فیصد تک زائد ڈیوٹی و ٹیکسز عائد ہیں، لہٰذا ڈیوٹی و ٹیکس ٹیرف میں کمی کی جائے تاکہ عام آدمی کو کم قیمتوں پر معیاری امپورٹڈ گاڑیاں میسر آ سکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US