پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے تصدیق کی ہے کہ قومی ہاکی ٹیم نومبر میں ہونے والے سلطان ازلان شاہ کپ میں شرکت کرے گی۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔
محی الدین وانی کا کہنا ہے کہ سلطان ازلان شاہ کپ میں شرکت سے قومی ٹیم کو عالمی سطح کی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کے مزید مواقع ملیں گے، جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں کا قیمتی تجربہ حاصل ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کی انڈر 21 ہاکی ٹیم پہلے ہی سلطان آف جوہر کپ میں شرکت کے لیے ملائیشیا میں موجود ہے۔ ان کے مطابق اس ٹورنامنٹ سے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی تجربہ حاصل ہوگا اور ان کی صلاحیتوں کا جائزہ لینے میں بھی مدد ملے گی۔