بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیابی، بھارتی سرپرستی میں سرگرم 8 دہشت گرد ہلاک

image

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف اضلاع کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور 490 کلوگرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 17 اکتوبر 2026 کو بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر تین انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں دہشت گردوں نے مقامی ٹریفک کی آمدورفت میں خلل ڈالنے کے لیے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس کوشش کو ناکام بنا دیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 5 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع نوشکی میں علاقے کی کلیئرنس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر کارروائی کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خضدار میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر کارروائی کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ کارروائی کے دوران 490 کلوگرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور شدہ قومی ایکشن پلان کے تحت وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US