این سی سی اے تحقیقات کے درمیان محمد رضوان کے لیے ریلیف، پریذیڈنٹس کپ میں واپسی کے لیے تیار

image

پاکستان کے سابق کپتان اور سینئر وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری ڈومیسٹک سیزن میں کھیلنے کی اجازت مل گئی ہے۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں سوئی ناردرن گیس (SNGPL) کی ٹیم کے ڈائریکٹر اور ہیڈ کوچ، سابق کپتان محمد حفیظ نے تصدیق کی ہے کہ پی سی بی کے ڈومیسٹک شعبے کی ای میل کے مطابق رضوان 19 اکتوبر سے جاری پریذیڈنٹس کپ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ کے میچز میں ایس این جی پی ایل ٹیم کی قیادت کریں گے۔

محمد رضوان اور امام الحق کو اگست میں انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کے بعد سے کسی بھی ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت سے روک دیا گیا تھا۔ ان دونوں کھلاڑیوں پر ڈریسنگ روم کی معلومات افشا کرنے، آن لائن بیٹنگ اور جوئے سے متعلق الزامات کے تحت نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (این سی سی اے) کی تحقیقات جاری تھیں۔ اس سلسلہ میں لارڈز ٹیسٹ کے دوران سیکیورٹی عملے کی جانب سے ضبط کیے گئے ان کے فون فارنزک جانچ کے لیے این سی سی اے کی تحویل میں دے دیے گئے تھے۔

رضوان اب تک دو بار تفتیش کے لیے این سی سی اے کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 10 اکتوبر کو لاہور میں این سی سی اے کے ساتھ ان کے آخری سیشن کے بعد صورتحال میں بہتری آئی ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ تحقیقات جلد مکمل ہو جائیں گی۔ 47 ٹیسٹ، 103 ون ڈے اور 106 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کا تجربہ رکھنے والے محمد رضوان لارڈز ٹیسٹ کے بعد پہلی بار میدان میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US