سہ ملکی ون ڈے سیریز: سلمان علی آغا کی شاندار سنچری، پاکستان ٹیم 305 رنز پر آؤٹ

image

راولپنڈی میں کھیلے گئے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں اتوار کے روز سری لنکا نے پاکستان کی پوری ٹیم کو 305 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان 7 میچوں پر مشتمل یہ سہ ملکی سیریز راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جا رہی ہے جس کا اختتام 31 اکتوبر کو لاہور میں ہوگا۔

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے برطرف کیے جانے والے سابق کپتان سلمان علی آغا نے ون ڈے اسکواڈ میں اپنی شمولیت کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے شاندار اننگز کھیلی اور اپنے کیریئر کی چوتھی ون ڈے سنچری اسکور کی۔

سلمان علی آغا نے 90 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 107 رنز بنائے۔ جب پاکستان کی ٹیم 32 رنز پر 2 اور پھر 118 رنز پر 4 وکٹوں سے مشکلات کا شکار تھی، تو سلمان نے حسن نواز (37) کے ساتھ 97 رنز اور عرفات منہاس (18) کے ساتھ 64 رنز کی موثر شراکت داریاں قائم کیں۔ وہ 47ویں اوور میں اسیتا فرنانڈو کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی اننگز میں بابر اعظم نے 45 رنز بنائے جبکہ ڈیبیو کرنے والے وکٹ کیپر بلے باز اور سابق انڈر 19 کپتان سعد بیگ نے 40 گیندوں پر 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

سری لنکن بولرز نے میچ کے آخری پانچ اوورز میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے صرف 26 رنز کے عوض پاکستان کی اخری 5 وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے 46 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسیتا فرنانڈو نے 59 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US