بجلی چور ہوشیار! لیسکو نے اسمارٹ میٹر کے 14 ہزار 400 روپے مقرر کردیے

image

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی چوری اور میٹر میں ٹمپرنگ کرنے والے صارفین سے اے ایم آئی اسمارٹ سنگل فیز میٹر کی قیمت وصول کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت ایسے صارفین کو میٹر کی تبدیلی کے لیے 14 ہزار 400 روپے کا ڈیمانڈ نوٹس ادا کرنا ہوگا۔

لیسکو کے مطابق بجلی چوری میں ملوث صارفین کے میٹر میں ٹمپرنگ یا بجلی چوری کے لیے ردوبدل ثابت ہونے پر اب روایتی اسٹیٹک میٹر کے بجائے اے ایم آئی اسمارٹ میٹر نصب کیا جائے گا جس کی قیمت صارفین سے وصول کی جائے گی۔

اس سے قبل میٹر کی تبدیلی کی صورت میں صارفین کو اسٹیٹک میٹر کی مد میں 5 ہزار 500 روپے کا ڈیمانڈ نوٹس جاری کیا جاتا تھا تاہم کمپنی نے اب اس کی جگہ اے ایم آئی اسمارٹ سنگل فیز میٹر کی قیمت وصول کرنے کا طریقہ کار اختیار کر لیا ہے۔

لیسکو کے اس اقدام کے تحت میٹر میں ٹمپرنگ یا بجلی چوری کے لیے ہیر پھیر کرنے والے صارفین کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ رقم ادا کرنا پڑے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US