کراچی میں سٹی وارڈنز اور ریلوے پولیس کے درمیان سنگین تنازع کے نتیجے میں شارع فیصل تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس میں ریلوے پولیس کے اہلکاروں پر ڈائریکٹر سٹی وارڈنز صائم عمران کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کے بعد بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ناتھا خان سے پہلوان گوٹھ تک سڑک کی تعمیر کے دوران ٹریفک مینجمنٹ کی ڈیوٹی پر مامور ڈائریکٹر سٹی وارڈن کو ایس ایچ او کینٹ احسن رشید اور پولیس اہلکاروں نے مبینہ طور پر مار پیٹ کے بعد پولیس موبائل میں ڈال کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا، جہاں انہیں باندھ کر پاؤں پکڑنے اور جوتا چاٹنے پر مجبور کرنے کی کوشش کی گئی اور انکار پر اس حد تک تشدد کیا گیا کہ وہ بے ہوش ہوگئے اور بعد میں خود کو عباسی شہید اسپتال میں پایا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمے درج ہونے کے بعد اعلیٰ حکام کی اجازت کے بغیر مزید کارروائی سے روک دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے بعد دونوں محکموں کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔