سنچری کے بعد منفرد جشن کیوں منایا؟ سلمان علی آغا نے خود بتا دیا

image

پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر سلمان علی آغا نے سری لنکا کے خلاف سنچری بنانے کے بعد اپنے منفرد انداز میں جشن منانے کی وجہ بتا دی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ جشن صرف اپنے بیٹے کے لیے تھا کسی کو پیغام دینا یا غلط ثابت کرنا مقصد نہیں تھا۔

سہ ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 305 رنز بنائے، جس میں سلمان علی آغا نے 90 گیندوں پر 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی چوتھی سنچری تھی۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں سلمان علی آغا نے کہا کہ ان کے لیے تینوں فارمیٹس میں اچھی کارکردگی دکھانا اہم ہے۔ انہیں کرکٹ پسند ہے اور پاکستان کے لیے کھیلنا اچھا لگتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سنچری کے بعد ان کا جشن ٹیلی ویژن پر کرکٹ دیکھنے والے اپنے بیٹے کے انداز سے متاثر تھا۔

سلمان علی آغا نے ڈومیسٹک کرکٹ کو مزید عزت دینے پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز بنانا آسان نہیں اور وہاں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ میں بھی عمدہ کھیل پیش کرسکتے ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ گزشتہ تین ٹیسٹ میچز ان کے لیے اچھے نہیں رہے، تاہم وہ چار سال سے مسلسل کارکردگی دکھا رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US