فٹبال کی دنیا میں نئی ٹیکنالوجی کا تجربہ کیا گیا ہے جہاں ریفری نے روایتی پیلے اور سرخ کارڈز کے بجائے اسمارٹ فون جیسی ڈیجیٹل ڈیوائس استعمال کی۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق 15 اکتوبر کو کوپا یوراگوئے کے میچ میں ریفری ایڈورڈو ویریلا نے رینٹسٹاس کے کھلاڑی خوان پابلو پلاڈا کو فاؤل پر ڈیجیٹل یلو کارڈ دکھایا۔ یہ اس ٹیکنالوجی کا پہلا تجربہ تھاجس میں ناسیونال نے رینٹسٹاس کو صفر کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دی۔
اس ڈیوائس کے ذریعے پیلا اور سرخ کارڈ دکھانے کے ساتھ میچ کے اہم واقعات، گول اور کھلاڑیوں کی تبدیلیوں کا ریکارڈ بھی خودکار طور پر محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ تاہم، ابتدائی تجربے میں اسکرین کے رنگ دور سے واضح نظر نہ آنے کا مسئلہ سامنے آیا جس کے بعد ڈیوائس میں مزید بہتری لانے پر غور کیا جا رہا ہے۔