پرتگال فٹ بال فیڈریشن نے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو پر 30 روزہ پابندی عائد کردی، جبکہ ان پر 255 یورو جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے ٹیم میں اپنے کردار پر کوچ جارجے ژیزس سے اختلاف کے بعد قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ چھوڑ دیا تھا جس پر فیڈریشن کی تادیبی کونسل نے ان کے خلاف کارروائی کی۔
رپورٹس کے مطابق رونالڈو کو ناروے کے خلاف میچ میں میدان میں اترنے کا موقع نہیں ملا تھا جس کے بعد انہوں نے کوچ پر اپنا وعدہ پورا نہ کرنے کا الزام لگایا۔ تاہم کوچ نے کسی معاہدے کی موجودگی کی تردید کی تھی۔
رونالڈو نے بعد ازاں اپنے رویے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ سزا پوری کرنے کے بعد وہ قومی ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے۔ فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروینسا نے بھی معاملہ حل ہونے کے بعد رونالڈو کی قومی ٹیم میں واپسی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
فیڈریشن نے تاحال واضح نہیں کیا کہ 30 روزہ پابندی کا اطلاق کن میچوں یا سرگرمیوں پر ہوگا۔