نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں تاجک صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی، جس میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے کردار اور علاقائی اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
تاجک صدر امام علی رحمان نے ایس سی او کے رکن ممالک کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے وفود کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے، باہمی روابط کے فروغ، خطے میں استحکام کے قیام اور مشترکہ خوشحالی کے حصول کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر علاقائی اقتصادی تعاون کے فروغ کو خطے کی پائیدار ترقی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ رکن ممالک کے درمیان تعاون اور روابط میں اضافے سے اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور مشترکہ ترقی کے اہداف کے حصول میں مدد مل سکتی ہے۔