پاکستان نے بھارت میں 23 جنوری سے 7 فروری 2027 تک شیڈول اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دفاعی چیمپئن ہونے کے باوجود پاکستان ویٹرنز کرکٹ ٹیم کو اس ایونٹ میں شرکت کے لیے حکومتی اجازت نہ مل سکی۔
پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین فواد اعجاز خان کے مطابق بھارتی ویٹرنز کرکٹ حکام کی جانب سے پاکستانی ٹیم کو ویزوں اور اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، جس کے بعد ایسوسی ایشن نے وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے شرکت کی اجازت طلب کی تھی۔ تاہم، چیئرمین پی سی بی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹیم کو شرکت کی اجازت نہ دینے سے آگاہ کیا۔
فواد اعجاز خان نے حکومت پاکستان کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے ورلڈ کپ سے دستبرداری کی تصدیق کی اور اپنے عالمی اعزاز کا دفاع نہ کر پانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے منتظمین اور دیگر شریک ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 2025 میں سری لنکا میں منعقدہ اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔