پولینڈ کی نامور ٹینس اسٹار اور 6 مرتبہ کی گرینڈ سلام چیمپئن آئیگا سویٹیک بائیں ران کی انجری کے باعث ننگبو اوپن سے دستبردار ہوگئی ہیں، جس کے نتیجے میں ان کی ڈبلیو ٹی اے فائنلز کے لیے کوالیفائی کرنے کی امیدیں بھی ختم ہوگئی ہیں۔
ای ایس پی این کے مطابق 25 سالہ آئیگا سویٹیک نے ایک بیان میں بتایا کہ انہیں گزشتہ کئی ہفتوں سے بائیں ران میں تکلیف کا سامنا ہے، اس لیے مکمل آرام اور صحت یابی کے لیے انہوں نے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
وہ گزشتہ ہفتے وہان اوپن کے سیمی فائنل میں بھی انجری سے متاثر ہوئی تھیں جہاں انہیں اپنی ہم وطن کھلاڑی مایا خوالنسکا کے ہاتھوں سٹریٹ سیٹس میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
آئیگا سویٹیک کو ڈبلیو ٹی اے فائنلز میں جگہ بنانے کے لیے ننگبو اوپن کے کم از کم کوارٹر فائنل تک پہنچنا ضروری تھا، تاہم ٹورنامنٹ سے ہٹ جانے کے باعث وہ اب رواں سیزن کے اس اختتامی مقابلے میں شرکت نہیں کرسکیں گی۔
آئیگا سویٹیک 2021 سے مسلسل اس ایونٹ میں شریک ہوتی رہی ہیں اور 2023 میں اس کا ٹائٹل بھی اپنے نام کرچکی ہیں۔
سابق عالمی نمبر ون کھلاڑی نے رواں سیزن میں 39 میچ جیتے اور 15 میں شکست کھائی جبکہ کینیڈین اوپن کی صورت میں انہوں نے صرف ایک ٹائٹل جیتا۔
وہ رواں سال چاروں گرینڈ سلام ٹورنامنٹس میں کوارٹر فائنل سے آگے نہ بڑھ سکیں، ان کی آخری گرینڈ سلام کامیابی گزشتہ سال ومبلڈن اوپن میں تھی جبکہ عالمی درجہ بندی میں اب وہ نویں نمبر پر چلی گئی ہیں۔
آئیگا سویٹیک نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں رواں سیزن کو اپنے کیریئر کے مشکل ترین ادوار میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل مقابلوں اور چیلنجز کے باعث انہیں اب مکمل آرام کی ضرورت ہے، اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ صحت یابی کے بعد وہ نئے عزم اور جذبے کے ساتھ کورٹ میں واپس آئیں گی۔