ایشین پیرا گیمز: پاکستانی ایتھلیٹ حیدر علی نے چاندی کا تمغہ جیت لیا

image

پاکستان کے پیرا ایتھلیٹ حیدر علی نے جاپان کے شہر ناگویا میں جاری ایشین پیرا گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈسکس تھرو کے مقابلے میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔

مردوں کے ایف 37 ڈسکس تھرو ایونٹ میں 41 سالہ حیدر علی نے 57.20 میٹر کی تھرو کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ ازبکستان کے قدرتیلوخون معروف خوجایف نے 57.39 میٹر کی تھرو کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا اور نیا ایشین پیرا گیمز ریکارڈ قائم کیا۔ بھارت کے ہانی نے 57.04 میٹر کی تھرو کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

مقابلہ انتہائی سنسنی خیز رہا اور حیدر علی طلائی تمغہ جیتنے والے ازبک ایتھلیٹ سے محض 19 سینٹی میٹر کے فرق سے پیچھے رہے۔ حیدر علی کے مطابق انہوں نے اس اہم مقابلے کی تیاری کے لیے ایک سال تک محنت کی۔

گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے حیدر علی اس سے قبل ٹوکیو 2020 پیرالمپکس میں ڈسکس تھرو کا طلائی تمغہ جیت چکے ہیں، جبکہ پیرس 2024 پیرالمپکس میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ اس کے علاوہ بیجنگ 2008 میں لانگ جمپ کا چاندی اور ریو 2016 میں کانسی کا تمغہ بھی ان کے نمایاں اعزازات میں شامل ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US