برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ باڈی بلڈر میتوش خومورا انگلینڈ کے شہر ٹیلفورڈ میں فزیکل کلچر ایسوسی ایشن کے برٹش فائنلز کے دوران اچانک اسٹیج پر گر کر جاں بحق ہوگئے ہیں۔
وہ کلاسک باڈی بلڈنگ میڈیم کیٹیگری کے مقابلے میں شریک تھے جب یہ ناگہانی حادثہ پیش آیا، جس کے بعد طبی عملے نے موقع پر ہی امداد دینے کے بعد انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کیا مگر ڈاکٹر ان کی جان بچانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
مقابلے کے منتظمین کے مطابق میتوش خومورا کو طبی امداد دینے کے دوران ایونٹ کچھ دیر کے لیے روکا گیا تھا اور اسپتال سے موت کی تصدیق ہونے سے قبل کھلاڑیوں سے مشاورت کے بعد مقابلہ دوبارہ شروع کیا گیا۔
انتظامیہ نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے کہ میتوش خومورا نے محض دو ہفتے قبل ہی اپنے پہلے باڈی بلڈنگ مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی، جبکہ ان کی شادی کو ابھی صرف دو ماہ ہی ہوئے تھے، اور ان کی موت کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے۔