گوادر: بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پر مختلف افواہیں اور غیر مصدقہ اطلاعات گردش کر رہی ہیں، تاہم سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے حملے کا نشانہ بننے والا کیمپ ایک تعمیراتی کمپنی کا تھا، جسے پہلے ہی خالی کرایا جا چکا تھا۔
زرائع کے مطابق واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، البتہ حملہ آوروں نے سڑک پر کھڑے چند ٹرکوں کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں املاک کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب سیکیورٹی فورسز یا انٹیلی جنس اداروں کے کسی دفتر یا کیمپ کو نشانہ بنائے جانے کے دعوؤں کی بھی تردید کی گئی ہے۔ فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔
واقعے کے بعد شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں اور کالعدم تنظیم کے پروپیگنڈے کو آگے پھیلانے سے گریز کریں اور معلومات کی تصدیق کے لیے مستند ذرائع پر انحصار کریں۔