سابق پاکستانی ٹیسٹ فاسٹ بولر محمد عامر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی دعوت پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کا دورہ کیا اور جدید سہولتوں، ترقیاتی منصوبوں اور نوجوان کرکٹرز کی تربیت کے اقدامات کو سراہا۔
محمد عامر کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ میں بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا کریڈٹ چیئرمین پی سی بی کو جاتا ہے۔ ان منصوبوں میں تسلسل برقرار رہا تو قومی کرکٹ میں مزید بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز خوش قسمت ہیں کہ انہیں جدید سہولتیں، بہتر تربیتی ماحول اور ری ہیب کی معیاری سہولتیں میسر ہیں۔ نئی بولنگ مشین بلے بازوں کی تکنیک بہتر بنانے میں مدد دے گی، جبکہ کھلاڑیوں کی خوراک، ٹریننگ اور فٹنس کی نگرانی بھی اہم ہے۔
محمد عامر نے ملتان میں انڈر 19، سیالکوٹ میں انڈر 15 اور فیصل آباد میں انڈر 17 کھلاڑیوں کی تربیت کے اقدامات کو بھی مثبت پیش رفت قرار دیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ پی سی بی سابق کرکٹرز کے تجربات اور تجاویز سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، تاکہ مشاورت کے ذریعے پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جاسکیں۔