عالمی فٹ بال کی تاریخ میں نیا باب رقم ہونے جا رہا ہے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں افتتاحی فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول کا آغاز 24 اکتوبر سے ہوگا۔ ایونٹ میں پاکستان سمیت 78 فٹ بال ایسوسی ایشنز پہلی بار مردوں یا خواتین کی کسی بھی عمر کی سطح پر فیفا ورلڈ کپ کے اسٹیج پر شرکت کریں گی۔
چھ روزہ ایونٹ میں پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا اور فلسطین سمیت مختلف ممالک کی نوجوان ٹیمیں حصہ لیں گی۔ کئی کھلاڑی پہلی بار بیرونِ ملک سفر کرتے ہوئے اپنے قومی رنگوں میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔
فیفا یوتھ ٹورنامنٹس کے سربراہ روبرٹو گراسی کے مطابق اس فیسٹیول کا مقصد زیادہ سے زیادہ باصلاحیت نوجوانوں کو عالمی سطح پر کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ ٹورنامنٹ میں روایتی ناک آؤٹ مرحلہ نہیں ہوگا جبکہ میچز آٹھ کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیموں کے درمیان 20، 20 منٹ کے دو ہاف میں کھیلے جائیں گے۔
ابتدائی کوالیفکیشن مرحلے کے بعد ٹیموں کو چھ درجات میں تقسیم کیا جائے گا، جبکہ ٹائر اے کی فاتح ٹیم فیسٹیول کی چیمپئن قرار پائے گی۔ ایونٹ کے دوران نوجوان کھلاڑیوں کے لیے تعلیمی سیشنز اور فیفا لیجنڈز سے ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
فیفا کے مطابق لڑکیوں کے لیے انڈر 15 فیسٹیول کا پہلا ایڈیشن 2027 میں ہوگا جبکہ 2028 سے تمام 211 رکن ممالک کے لیے لڑکوں اور لڑکیوں کے سالانہ ٹورنامنٹس منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔