سیکیورٹی فورسز نے گوادر میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خاتون دہشت گرد سمیت 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، کارروائیوں کے دوران ایک شہری شہید جبکہ متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گوادر کے علاقے گبد بارڈر کراسنگ اور شہر کے مختلف مقامات پر بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کی کوشش کی گئی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف مختلف مقامات پر کلیئرنس آپریشنز کیے گئے، جن کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 10 دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گردی کے واقعات میں ایک شہری نے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ آپریشنز کے دوران سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں نے بلوچستان کے عوام کو نشانہ بنانے اور صوبے میں ترقی و خوشحالی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔ کلیئرنس آپریشنز مکمل ہونے کے بعد علاقے میں امن و امان اور ریاستی عمل داری بحال کر دی گئی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے بلوچ خاتون کو حملے کے لیے استعمال کرنا بلوچ خواتین کی حرمت کے منافی ہے۔ دہشت گرد تنظیمیں بلوچ خواتین کو اپنے مذموم مقاصد اور پروپیگنڈے کے لیے استعمال کر رہی ہیں، تاہم بلوچستان کے عوام اپنے نام پر خون بہانے والے عناصر کو مسلسل مسترد کرتے آئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے واضح کیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے تحت ملک بھر میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔