الخلیل میں فلسطینی شہریوں کے حملے میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک، نیتن یاہو کا سخت کارروائی کا اعلان

image

مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں 2 فلسطینی شہریوں کے حملے میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق 20 منٹ سے زائد جاری رہنے والے فائرنگ کے اس تبادلے میں اسرائیلی فوج نے دونوں حملہ آوروں کو بھی ہلاک کردیا۔ ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت 23 سالہ اسٹاف سارجنٹ رون یوناتن روئٹمین اور 20 سالہ سارجنٹ یوول شائی سویلم کے نام سے ہوئی ہے۔

اسرائیلی فوج کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق مسلح افراد روٹ 35 پر اسرائیلی شہریوں کے خلاف ایک بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے لیکن یہ محسوس کرنے کے بعد کہ وہ ہائی وے تک نہیں پہنچ پائیں گے، انہوں نے عارضی چیک پوسٹ پر فائرنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

حملہ آوروں کی شناخت محمد جعابہ اور فراس جعابہ کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق الخلیل سے تھا اور دونوں کی عمریں 27 سال تھیں۔

واقعے کے بعد اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز کے ہمراہ الخلیل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اپنے دفتر سے جاری ایک ویڈیو میں نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل الخلیل کے اس محلے کو تباہ کر دے گا جہاں سے ان حملہ آوروں کا تعلق تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس جگہ کو تباہ کرنے اور اسے مکمل طور پر تبدیل کرنے کے لیے کارروائی کریں گے اور وہی کامیاب اور جارحانہ ماڈل نافذ کریں گے جو پناہ گزین کیمپوں میں استعمال کیا گیا، مکینوں کو وہاں سے نکالیں گے، گھر گھر تلاشی لیں گے، ہتھیار ہٹائیں گے اور تمام انفراسٹرکچر کو تباہ کیا جائے گا۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ اپنی افواج کے لیے خطرے کے پیشِ نظر اسرائیل مغربی کنارے میں سڑکوں کے کنارے بغیر اجازت تعمیر کیے گئے گھروں کو بھی مسمار کرے گا، جبکہ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں 1967 کے بعد سے اب تک کے سب سے بڑے فوجی آپریشن کی منصوبہ بندی کی ہوئی ہے اور فوج اس کے لیے پوری طرح تیار ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US