کراچی: منکی پاکس کے مزید 2 کیسز کی تصدیق، اسپتال میں زیرِ علاج مریضوں کی تعداد 7 ہوگئی

image

کراچی میں منکی پاکس کے کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، مزید 2 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد سندھ انفیکشز ڈیزیز اسپتال نیپا میں زیرِ علاج مریضوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نیو کراچی سے ایک اور مشتبہ مریض کو سندھ انفیکشز ڈیزیز اسپتال نیپا منتقل کیا گیا ہے۔ منکی پاکس سے متاثرہ تصدیق شدہ دونوں افراد آپس میں دوست ہیں اور ایک کیفے ٹیریا میں کام کرتے ہیں۔ دونوں کے جسم پر دانے ظاہر ہونے کے بعد ان کا علاج شروع کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تین روز قبل پشاور سے کراچی آنے والے سہراب گوٹھ کے رہائشی 2 افراد میں بھی منکی پاکس کی تصدیق ہوئی تھی، جنہیں سندھ انفیکشز ڈیزیز اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

اسپتال میں زیرِ علاج مریضوں میں ایک 40 روزہ بچہ، 2 خواتین اور 4 مرد شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق بچے میں ختنہ کرانے کے بعد منکی پاکس کی منتقلی کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

شہر میں کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کے علاج اور بیماری کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US