انگلینڈ کے سابق کپتانوں اور معروف کمنٹیٹرز مائیک ایتھرٹن اور ناصر حسین کی پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا پر مشتمل جاری سہ ملکی ون ڈے سیریز کے کمنٹری پینل میں عدم موجودگی کرکٹ مداحوں کے لیے حیران کن ثابت ہوئی ہے۔ اسکائی اسپورٹس یوکے پر سیریز کی براہِ راست نشریات کے باوجود دونوں شخصیات یوکے میں اسٹوڈیو سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں سابق کپتانوں نے پاکستان کا سفر کرنے کے لیے ویزے کی درخواست دی تھی، تاہم ناصر حسین کا ویزا منظور ہونے کے باوجود مائیک ایتھرٹن کے ویزے میں تاخیر ہوئی۔ اس التوا کے بعد دونوں کمنٹیٹرز نے مشترکہ طور پر پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کیا۔
اطلاعات کے مطابق انگلینڈ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران مائیک ایتھرٹن نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو کر کے میچ کے لنچ بریک کے وقت نشر کیا تھا، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسکائی اسپورٹس کے خلاف شکایت درج کروائی تھی کہ ایک اسپورٹس چینل پر سیاسی پس منظر کا حامل انٹرویو آن ایئر کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور ویزے میں تاخیر کے باعث مائیک ایتھرٹن نے دورے سے الگ رہنے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ ماضی میں انگلینڈ ٹیم کے قائد رہنے والے دونوں سابق کھلاڑی اس سے قبل پاکستان کے دوروں پر باقاعدگی سے بطور کمنٹیٹر اور ماہر شامل ہوتے رہے ہیں۔