کاف انجری اور نوجوانوں کو موقع دینے کا فیصلہ: شان مسعود کو ٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے کا خدشہ

image

شان مسعود پٹھوں کی چوٹ سے صحت یاب ہورہے ہیں اور 9 نومبر سے شروع ہونے والی سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل فٹ ہونے کی دوڑ میں شامل ہیں، تاہم انہیں ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کا بھی چیلنج درپیش ہے۔ شان مسعود کو ڈومیسٹک فرسٹ کلاس میچ کے دوران کاف انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن وہ پُر امید ہیں کہ وہ بروقت صحت یاب ہوجائیں گے۔

قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ شان مسعود کو خدشہ ہے کہ سلیکٹرز اس چوٹ کو بنیاد بنا کر انہیں سیریز سے باہر کر سکتے ہیں۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور سینئر سلیکٹر ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کے خواہاں ہیں اور عبداللہ فاضل اور سمیر منہاس سمیت دیگر نوجوان اوپنرز ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ مائیک ہیسن کی خواہش ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اگلے سائیکل کے لیے مضبوط اسکواڈ کی تشکیل کے پیش نظر سری لنکا کے خلاف سیریز میں عبداللہ فاضل کو موقع دیا جائے۔

شان مسعود کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور عاقب جاوید کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، اور وہ چاہتے ہیں کہ انہیں اپنی آخری ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا مناسب موقع دیا جائے تاکہ وہ خود ریٹائرمنٹ کا اعلان کرسکیں۔

یاد رہے کہ شان مسعود کو تین ماہ قبل ٹیسٹ کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا اور ان کی جگہ بابر اعظم کو کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ دسمبر 2023 سے 2026 کے دوران ان کے دورِ قیادت میں پاکستان کو 16 میں سے 12 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

سری لنکا کا دورۂ پاکستان 4 سے 6 نومبر تک اسلام آباد میں تین روزہ وارم اپ میچ سے شروع ہوگا، پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی اور دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US