2028ء ویمنز ورلڈ کپ: پی سی بی کا بھارت کے بغیر تمام میچز لاہور میں کروانے کا منصوبہ

image

پاکستان 2028ء کے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تمام میچوں کی میزبانی کا ایک بار پھر خواہشمند ہے، جبکہ بھارت کے میچوں کے لیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو نیوٹرل وینیو کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اعلان کے مطابق 12 ٹیموں پر مشتمل یہ ویمنز ورلڈ کپ 7 ستمبر سے 1 اکتوبر تک منعقد ہوگا جس کا مرکزی میزبان پاکستان ہوگا، تاہم بھارت کے میچوں کے لیے نیوٹرل وینیو کا حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے۔

پاکستان اور بھارت دو طرفہ ہائبرڈ ماڈل کی پیروی کرتے ہیں، جس کے تحت جب بھی دونوں میں سے کوئی ملک آئی سی سی یا ایشین ایونٹ کی میزبانی کرتا ہے تو دوسری ٹیم اپنے میچز ایک مقررہ نیوٹرل وینیو پر کھیلتی ہے۔

اس کی مثال 2025ء کی چیمپئنز ٹرافی ہے جس کی میزبانی پاکستان نے کی تھی۔ بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے اپنے تمام میچز یو اے ای میں کھیلے اور دبئی میں فائنل جیتا تھا، جبکہ پاکستان نے ٹورنامنٹ کے بیشتر میچوں کی میزبانی کی جن میں لاہور میں کھیلا جانے والا سیمی فائنل بھی شامل تھا جس میں بھارت شامل نہیں تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سرکاری ذرائع کے مطابق وہ ویمنز ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے مکمل تیار ہیں اور آئی سی سی پر زور دیں گے کہ وہی فارمولا اپنایا جائے جو چیمپئنز ٹرافی میں نافذ کیا گیا تھا۔

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ وہ دونوں گروپس کے میچوں کے ساتھ ساتھ ان ناک آؤٹ میچوں کی میزبانی بھی کرنا چاہیں گے جن میں بھارتی ٹیم شامل نہ ہو۔

ذرائع کے مطابق یو اے ای تمام فریقین کے لیے پسندیدہ نیوٹرل وینیو ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ پاکستان اور دبئی کے درمیان سفر مختصر ہے، جس سے لاجسٹکس سستی اور سنبھالنے میں آسان ہوجاتی ہیں۔ دنیا کی ٹاپ رینکڈ ویمنز ٹیموں میں شامل ہونے کی وجہ سے بھارت کا ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنا طے نظر آتا ہے، لیکن اگر وہ فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کرتا ہے تو فائنل میچ لاہور میں منعقد ہوگا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرنے والے ممالک کو ٹورنامنٹ کے دیگر اخراجات سنبھالنے کے فنڈز کے علاوہ باقاعدہ ہوسٹنگ فیس بھی ملتی ہے۔

اس ایونٹ سے پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کے پورٹ فولیو کو نمایاں تقویت ملے گی، کیونکہ پاکستان کے پاس دو سال بعد ہونے والے اس بڑے آئی سی سی ایونٹ کے لیے ایک مضبوط ٹیم تیار کرنے کی پوری صلاحیت موجود ہے۔ دوسری جانب، 20 ٹیموں پر مشتمل مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 12 اکتوبر سے 12 نومبر تک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقد ہونا طے ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US