پرتگال کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی غیر معمولی کمائی سے فٹبال کی تاریخ میں ایک اور نمایاں مقام حاصل کرلیا۔ امریکی جریدے فوربز کی رپورٹ کے مطابق رونالڈو فٹبال کی دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جن کی دولت ملٹی بلینیئر کی سطح تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 41 سالہ رونالڈو نے گزشتہ ایک برس کے دوران تقریباً 22 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈ کمائے۔ سعودی کلب النصر سے ملنے والا بھاری معاوضہ، اشتہاری معاہدے اور کاروباری سرگرمیاں ان کی آمدنی کے اہم ذرائع ہیں۔ انہیں النصر کی جانب سے روزانہ تقریباً 4 لاکھ 88 ہزار پاؤنڈ ملتے ہیں، جبکہ اشتہارات اور کاروبار سے بھی انہوں نے تقریباً 4 کروڑ 20 لاکھ پاؤنڈ حاصل کیے۔
فوربز کی فہرست میں ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی دوسرے نمبر پر رہے، جن کی سالانہ آمدنی تقریباً 10 کروڑ 90 لاکھ پاؤنڈ بتائی گئی ہے۔ فرانس کے اسٹار کھلاڑی کائیلیان ایمباپے 7 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
فہرست میں مانچسٹر سٹی کے ایرلنگ ہالینڈ نے چوتھی، ریال میڈرڈ کے وینیسیئس جونیئر نے پانچویں جبکہ اسپین کے نوجوان فٹبالر لامین یامال نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔
رونالڈو اور میسی کی طویل عرصے سے جاری کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ 13 برسوں میں دونوں کھلاڑی 12 مرتبہ امیر ترین فٹبالرز کی فہرست میں پہلی دو پوزیشنز پر جگہ بنا چکے ہیں۔ رونالڈو کی تازہ کامیابی نے ثابت کیا ہے کہ ان کی شہرت اور کمائی کا دائرہ فٹبال کے میدان سے آگے بھی پھیل چکا ہے۔