پاکستان اور انگلینڈ کا میچ چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے نام، قومی ٹیم گلابی کٹ پہنے گی

image

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 25 اکتوبر کو لاہور میں ہونے والے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کو خواتین میں چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے لیے مختص کردیا۔

پی سی بی کے مطابق اس خصوصی مہم کے تحت پاکستانی ٹیم میچ میں گلابی کٹ پہن کر میدان میں اترے گی۔ اس اقدام کا مقصد خواتین میں چھاتی کے کینسر سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور بروقت تشخیص و علاج کی اہمیت کو نمایاں کرنا ہے۔

یہ مہم پاکستان کرکٹ بورڈ اور پنک ربن کی مشترکہ کاوش ہے۔ اس سلسلے میں پی سی بی نے خصوصی فین شرٹس کی نیلامی کا اعلان بھی کیا ہے، جن پر قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی شاہین آفریدی اور بابر اعظم کے دستخط ہوں گے۔

بورڈ کے مطابق نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم چھاتی کے کینسر سے متاثرہ ان خواتین کے علاج پر خرچ کی جائے گی جو علاج کے اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتیں۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے ذریعے کرکٹ شائقین کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی دستخط شدہ شرٹس حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مستحق خواتین کے علاج میں تعاون اور قیمتی جانیں بچانے کی کوششوں میں حصہ لینے کا موقع بھی ملے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US