پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے فائنل کے شیڈول میں تبدیلی کا امکان ہے، جس کے تحت فیصلہ کن مقابلہ مقررہ تاریخ سے دو روز تاخیر کے بعد لاہور میں کھیلا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تاحال شیڈول میں تبدیلی کا باضابطہ اعلان نہیں کیا، تاہم فائنل اب 27 سے 31 اکتوبر تک کھیلے جانے کا امکان ہے۔
ابتدائی شیڈول کے مطابق فائنل 25 سے 29 اکتوبر تک کراچی کے اسٹیٹ بینک اسپورٹس کمپلیکس میں ہونا تھا، بعد ازاں اسے کراچی سے لاہور منتقل کرکے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب فائنل ایل سی سی اے گراؤنڈ کے بجائے لاہور جمخانہ گراؤنڈ، باغِ جناح میں کرائے جانے کا امکان ہے۔ پی سی بی کی جانب سے دونوں فائنلسٹ ٹیموں کو مقابلہ لاہور منتقل کیے جانے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے فائنل کے لیے اسٹیٹ بینک اور ایم آئی ٹی سلوشنز کی ٹیموں نے کوالیفائی کیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کی ٹیم اسلام آباد سے کراچی پہنچ چکی تھی، تاہم مقام کی تبدیلی کے باعث اب اسے فائنل کھیلنے کے لیے لاہور جانا ہوگا۔پی سی بی کی جانب سے حتمی شیڈول اور فائنل کے مقام کا باضابطہ اعلان تاحال سامنے نہیں آیا۔