بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی نظربندی میں مزید 30 روز کی توسیع

image

پنجاب حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظربندی میں مزید 30 روز کی توسیع کردی ہے۔ یہ پیشرفت لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس عبہر گل خان کے سامنے ان کی بازیابی کے لیے دائر درخواست کی سماعت کے دوران سامنے آئی، جس میں سیکریٹری داخلہ پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران عدالت میں جمع کرائی گئی سیکریٹری داخلہ کی رپورٹ میں آگاہ کیا گیا کہ تینوں خواتین کی نظربندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی گئی ہے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر نے نظربندی میں دوبارہ توسیع کی تجویز پنجاب حکومت کو بھیجی تھی، جس پر حکومت نے 7 اکتوبر کو توسیع کا فیصلہ کیا۔

سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو تنبیہ کی کہ نظربندی کا نوٹیفکیشن ڈی سی کی جانب سے جاری کیا گیا تھا جبکہ انہوں نے درخواست میں ڈی سی کو فریق ہی نہیں بنایا، اور عدالت اپنی حدود یا درخواست کے متن سے باہر جا کر کوئی حکم جاری نہیں کرسکتی۔ بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے سیکریٹری داخلہ کی پیش کردہ رپورٹ کی روشنی میں مذکورہ درخواست نمٹا دی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US